بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر سے متعلق تمام صورت حال وزیراعظم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ


پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام معاملات بات چیت سے حل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ بلاول بھٹونے آزاد کشمیر سے متعلق تمام صورت حال وزیراعظم شہبازشریف کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اتوار کو زرداری ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، کشمیر کی موجودہ صورت حال پر 48 گھنٹوں میں یہ تیسرا اہم اجلاس تھا۔

اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سابق صدر سردار یعقوب، فریال تالپور، چوہدری یاسین، سردار تنویرالیاس، چوہدری لطیف اکبر اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی سے منسلک ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی جب کہ اجلاس میں سیاسی مسائل کے حل کے لیے ڈائیلاگ اور مذاکرات کے راستے کو اختیار کرنے پر اتفاق ہوا۔

بلاول بھٹوزرداری نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام معاملات بات چیت سے حل کرنے کی ہدایت کردی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر سے متعلق تمام صورت حال وزیراعظم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری آج شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور ان کو آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم سے ملاقات سے قبل صدر مملکت آصف عللی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے معاملات سیاسی مذاکرات اور افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ہدایت کی۔ ذرئع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج شام ہونے والی اہم ملاقات کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان متوقع ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles