
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہ گلگت بلتستان کے مختلف حلقوں میں پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے آفیشل ’فارم 45‘ کے بجائے کچے رزلٹ فراہم کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس معاملے پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے گلگت بلتستان کے عام انتخابات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کے دوران بھی کچھ غیر معمولی اقدامات سامنے آئے تاہم پیپلزپارٹی نے احتجاج کا راستہ نہیں اپنایا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف حلقوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ پریزائیڈنگ افسران ان کے پولنگ ایجنٹس کو آفیشل نتائج کے بجائے کچے نتائج دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر سے بات ہوئی ہے اور ہم نے اپنے پولنگ ایجنٹس کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ فارم 45 حاصل کیے بغیر کسی صورت پولنگ اسٹیشنز کو نہ چھوڑیں اور پُر امن طریقے سے اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز کے آفیشل نتائج ضرور حاصل کریں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ایک انتہائی حساس خطہ ہے، اس لیے یہاں الیکشن کے عمل کو کسی صورت متنازع بنانے کی کوشش نہ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی قیمت پر کسی کو الیکشن چھیننے کی کوشش نہیں کرنے دیں گے۔
پی پی رہنما نے مطالبہ کیا کہ جس پارٹی یا امیدوار کو عوام نے حقیقی طور پر ووٹ دیا ہے، انتخابی نتیجہ بھی اسی کے حق میں آنا چاہیے اور الیکشن کمیشن کو ان کے تمام تحفظات پر فوری اور سخت ایکشن لینا چاہیے۔