سلہٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز: پاکستان 232 رنز پر ڈھیر، بنگلہ دیش کی بیٹنگ جاری

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سلہٹ میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم کی شاندار بولنگ کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے، جواب میں پاکستانی ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سہلٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کو آل آؤٹ کرنے کے بعد بنگلہ دیش نے 46 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہے۔

میچ کے پہلے روز پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلہ دیشی وکٹ کیپنگ بیٹسمین لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ محمد عباس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 278 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔

میچ کے دوسرے دن کا آغاز پاکستان کے لیے انتہائی مایوس کن رہا۔ پہلے ٹیسٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والے عبداللہ فضل 9 رنز اور ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے اذان اویس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس مشکل صورت حال میں کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے 38 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم مہدی حسن نے یہ پارٹنرشپ توڑ دی اور شان مسعود 21 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

سعود شکیل بھی 8 رنز پر چلتے بنے، جس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن مزید دباؤ میں آگئی۔ بابر اعظم نے کسی حد تک بنگلہ دیشی بالرز کا مقابلہ کیا اور 68 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، تاہم 142 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی ناہید رانا کا شکار بن گئے۔

سلمان علی آغا ٹیم کے اسکور میں 21 اور محمد رضوان 13 رنز کا اضافہ کرسکے۔ یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے نتیجے میں پاکستان کی پوری ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بنگلہ دیش کو پاکستان پر 46 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی ایک میچ کی برتری حاصل ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles