
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جاری ہے، جہاں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ٹیم میں دو نوجوان کھلاڑیوں اذان اویس اور عبداللہ فضل کی انٹری ہوئی ہے جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ میرپور کے شیرِبنگلا اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں، اذان اویس اور عبداللہ فضل کو ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع دیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو ان کی شاندار ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس کارکردگی کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ سیریز کا آغاز جیت کے ساتھ کرنا بہت اہم ہوتا ہے اور ٹیم کو اس میچ میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اذان اویس نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی دکھائی ہے جبکہ عبداللہ فضل نے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز بنا کر ٹیم میں جگہ حاصل کی ہے۔
پہلی اننگز
پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں میں کھانے کے وقفے تک بنگلادیش نے 2 وکٹوں پر 101 رنز بنالیے ہیں۔
بنگلادیش کی پہلی وکٹ 18 کے مجموعی اسکور پر گری، جب محمود الحسن جوئے شاہین آفریدی کی گیند پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد شادمان اسلام بھی حسن علی کا شکار بنے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت مومن الحق اور نجم الحسن شنتو کریز پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ بابر اعظم گھٹنے کی انجری کے باعث اس میچ میں کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ دونوں ٹیمیں دوسرا ٹیسٹ 16 مئی کو سلہٹ میں کھیلیں گی۔