صرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری ممکن، وزیر خزانہ نے ’انویسٹ پاک پورٹل‘ کا افتتاح کر دیا

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیر کو ”انویسٹ پاک“ پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے اسے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے عمل کو آسان، شفاف اور مؤثر بنائے گا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو جدید سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد کو اس اقدام پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل پاکستان میں سرمایہ کاری کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پورٹل خاص طور پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جب کہ یہ پلیٹ فارم سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو مزید آسان اور عالمی معیار کے مطابق بنائے گا۔

محمد اورنگزیب نے اعلان کیا کہ اب شہری جاز کیش ایپ کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے بھی سرمایہ کاری کا آغاز کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد عام سرمایہ کاروں، خصوصاً چھوٹے سرمایہ کاروں، کو مالیاتی منڈیوں تک رسائی دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی دل چسپی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوان نسل، بالخصوص جنریشن زیڈ، کو بھی سرمایہ کاری کے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی ناگزیر ہے اور انویسٹ پاک جیسے پلیٹ فارم پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، جب کہ نجی شعبہ اس عمل میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

اس سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور انویسٹ پاک پورٹل ملک میں ڈیجیٹل سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پورٹل سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری سے متعلق تمام ضروری خدمات ایک ہی آن لائن پلیٹ فارم پر فراہم کرے گا، جس سے سرمایہ کاری کا عمل زیادہ تیز، شفاف اور سہل ہوگا، جب کہ ملک کے مجموعی سرمایہ کاری کے ماحول میں بھی بہتری آئے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles