معرکہ حق میں امریکی صدر نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا، اہم ٹارگٹس ہمارے نشانے پر تھے: وزیر داخلہ


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے بھارت کے اہم اہداف کو نشانے پر لے لیا تھا، تاہم امریکی صدر کی مداخلت نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں پاکستان کو اللہ کی مدد حاصل رہی اور افواج پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ معرکۂ حق میں اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ ملک بھر میں اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈرونز پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھیجے، تاہم ان میں سے بیشتر کو سرحد پر ہی رینجرز نے تباہ کر دیا، جبکہ بہت کم ڈرونز پاکستانی حدود میں داخل ہو سکے۔
وزیر داخلہ کے مطابق بھارت نے سائبر حملوں کی بھی کوشش کی، لیکن اس میدان میں بھی وہ پاکستان کے قریب نہ آ سکا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پہلی بار بڑے پیمانے پر ڈرونز کا استعمال دیکھنے میں آیا۔
محسن نقوی نے دعویٰ کیا کہ نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے اوپر پاکستانی ڈرونز پرواز کرتے رہے جس سے بھارتی حکام میں خوف پایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھارتی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، جبکہ بھارت نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے معرکۂ حق میں انتہائی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور ایک مؤثر بیانیے کے ذریعے پوری قوم کو متحد رکھا، جبکہ بھارتی میڈیا اس دوران کنفیوژن کا شکار رہا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اللہ کی خصوصی مدد حاصل ہے اور افواج پاکستان نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی سے قبل بھارت نے پاکستانی بیس کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاکستان نے محدود مگر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے ایک بڑے آئل ڈپو کو تباہ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اہم اہداف، جن میں جنگی طیارے اور بحری تنصیبات شامل تھیں، پاکستان کے نشانے پر تھیں، جس کے باعث بھارت کو جنگ بندی کی طرف آنا پڑا۔

محسن نقوی نے خفیہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت معلومات کی فراہمی نے آپریشن کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے بقول پاکستان کو بھارت کی صورتحال سے متعلق ایسی معلومات حاصل تھیں جیسے وہ اپنا ہی ملک ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مداخلت کر کے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معرکے کے بعد بھارت آئندہ کسی بھی مہم جوئی سے پہلے کئی بار سوچے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان معاملات کو قریب سے دیکھا ہے اور امید ظاہر کی کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے اس حوالے سے بھی مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles