ٹریفک جرمانوں میں بڑی کمی، قید کی سزائیں ختم: گورنر پنجاب نے بل منظور کرلیا


گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صوبائی موٹر وہیکل (دوسری ترمیم) بل 2026 پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد بھاری جرمانوں میں نمایاں کمی اور قید کی سزاؤں کو ختم کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور ہمیشہ ایسے فیصلے کیے گئے ہیں جن سے عام آدمی کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے شدید متاثر ہیں، ایسے میں ٹریفک قوانین کے تحت بھاری جرمانے عائد کرنا مناسب نہیں تھا۔
گورنر پنجاب کے مطابق پرانے آرڈیننس میں جرمانوں کی مد میں عائد کی گئی بھاری رقوم غریب طبقے کے لیے بڑا بوجھ تھیں، خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا تھا، جنہیں اب ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
نئے قانون کے تحت ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خلاف ورزی پر پہلے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے جرمانہ اور قید کی سزا تھی، جسے کم کر کے 5 ہزار سے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ قید کی سزا مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر پہلے 50 ہزار روپے جرمانہ یا 6 ماہ قید یا دونوں سزائیں تھیں، تاہم اب صرف 5 ہزار روپے جرمانہ رکھا گیا ہے اور قید ختم کر دی گئی ہے۔
عمر کی حد کی خلاف ورزی پر پہلے 6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ تھا، جسے نئے قانون میں کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ایسی صورت میں گاڑی ضبط کر کے کسی لائسنس یافتہ فرد کے حوالے کی جائے گی۔
بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی چلانے پر پہلے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے جرمانہ اور قید کی سزا تھی، جسے کم کر کے صرف 5 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ گاڑی کو صرف انسپیکشن اسٹیشن تک لے جانے کی اجازت ہوگی۔

پبلک سروس گاڑیوں میں زائد مسافر بٹھانے پر بھی پہلے 50 ہزار روپے جرمانہ یا 6 ماہ قید تھی، تاہم اب اسے کم کر کے 5 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ اطلاق خاص طور پر گاڑیوں کی چھت پر سوار یا اطراف سے لٹکنے والے مسافروں پر بھی ہوگا۔
گورنر پنجاب نے مزید بتایا کہ پروونشل موٹر وہیکل (فورتھ امینڈمنٹ) آرڈیننس 2025 کو منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ نئی قانون سازی کے ذریعے سخت سزاؤں میں نرمی اور جرمانوں میں واضح کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے اور یہ اقدام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles