
کراچی کے مشہور شاپنگ سینٹر گُل پلازہ میں لگنے والی آگ کے بعد چوتھے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پہلی منزل کلیئر کرنے کے بعد امدادی ٹیموں نے دوسری اور تیسری منزل پر سرچنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔ منگل کے روز سانحے کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال یہ ہے:
گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں ریسکیو آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے
ریسکیو حکام نے متاثرہ عمارت سے ایک بچے کی لاش نکال لی
آگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 27 جبکہ 85 اب بھی لاپتہ ہیں
ریسکیو ٹیموں نے عمارت کی پہلی منزل کلیئر قرار دے دی، دوسری اور تیسری منزل پر سرچنگ جاری ہے
مجموعی طور پر 21 لاشیں سول اسپتال لائی جا چکی ہیں: پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ
14 لاشوں کے نمونے حاصل کیے ہیں، 8 کی شناخت مکمل ہوچکی ہے: پولیس سرجن
ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس کے ذریعے کی گئی ہے
لاشوں کی درست شناخت کے لیے لواحقین کے 50 نمونے حاصل کیے گئے: پولیس سرجن
تمام سیمپلز سندھ فرانزک ڈی این اے لیب اور جامعہ کراچی ارسال بھیجے ہیں: پولیس سرجن
عمارت سے ملنے والے انسانی اعضا کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے: پولیس سرجن
لاکٹ کی مدد سے 33 سالہ مصباح کی شناخت، میت جلد ورثاء کےسپرد کر دی جائے گی: پولیس سرجن
خاتون مصباح کی فیملی کے دیگر چار افراد بھی لاپتہ ہیں
آپریشن کے دوران مزید 2 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے ہیں، ایک کی حالت ناساز ہے
مطلوبہ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے امدادی کام سست روی کا شکار ہے: ذرائع
آتشزدگی کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کے لیے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
گل پلازہ میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ پر ریسکیو اداروں نے پیر کے روز مکمل طور پر قابو پایا، جس کے بعد سرچنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔
پیر کی رات میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا اور بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ بھی مکمل ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کے تمام محکمے الرٹ رہیں۔ تمام لاپتا افراد کے ملنے تک ریسکیو آپریشن مکمل نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ رات بیسمنٹ میں دوبارہ آگ بھڑکی تھی تاہم اس پر قابو پالیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ عمارت میں جو سامان موجود ہے اسے باہر نکالا جائے گا۔ تمام چیزوں کافائنل کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی جائے گی۔