
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف دو روز کے دوران الگ الگ کارروائیوں میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشنز انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے، جن کے دوران دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 اگست کو بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں ”ردالفتنہ-3“ کے تحت دو تیز رفتار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ ان کارروائیوں کا مقصد بھارتی پراکسی تنظیم ”فتنہ الہندوستان“ سے وابستہ دہشت گردوں کا خاتمہ تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ان کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا گیا۔ بیان کے مطابق فورسز کی درست اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی ”فتنہ الہندوستان“ سے تعلق رکھنے والے تمام 6 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 6 اگست کو ضلع مستونگ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جاری قومی مہم ”ردالفتنہ-3“ کا حصہ ہیں، جو بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ”عزمِ استحکام“ کے وژن کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔