
پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ 2025 میں متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ آخری گروپ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 70 رنز سے شکست دی۔
آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں منگل کے روز کھیلے گئے اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔
گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 91 گیندوں پر 65 رنز بنائے، جس میں چار چوکے شامل تھے۔
پاکستان بیٹرز نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، اوپنرز سمیر منہاس اور عثمان خان کے درمیان 40 رنز کی شراکت کے بعد عثمان خان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد علی حسن بلوچ بھی صرف 2 رنز بناسکے۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد احمد حسین نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ احمد حسین 65، سمیر منہاس 44 اور حمزہ ظہور 42 رنز بناکر نمایاں رہے۔
یو اے ای کی جانب سے یوگ شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے آج آج کے آخری گروپ میچ میں لازمی فتح درکار تھی۔ گروپ اے سے بھارت جبکہ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلادیش پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔