ایلون مسک نے وکی پیڈیا کے مقابلے میں ’گروکی پیڈیا‘ لانچ کردیا

ایلون مسک نے ایک اور نیا پلیٹ فارم ”گروکی پیڈیا“ متعارف کرا دیا ہے جو کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کو وکی پیڈیا کا متبادل قرار دیا گیا ہے

ایلون مسک کے مطابق گروکی پیڈیا کے مضامین ’گروک اے آئی‘ ماڈل کے ذریعے تیار کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’گروکی پیڈیا کا مقصد ’صرف اور صرف سچ پیش کرنا‘ ہے۔

خیال رہے کہ وکی پیڈیا 2001 میں قائم ہوا تھا۔ یہ ایک رضاکارانہ منصوبہ ہے جسے عطیات سے چلایا جاتا ہے اور دنیا بھر کے صارفین اس پر اپڈیٹ کر سکتے ہیں۔ وکی پیڈیا کا مؤقف ہے کہ اس کا مواد “غیر جانب دار نقطہ نظر” پر مبنی ہوتا ہے۔

دوسری جانب ایلون مسک طویل عرصے سے وکی پیڈیا پر تنقید کرتے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وکی پیڈیا جانب دار اور ’بائیں بازو کے نظریات کے زیرِ اثر‘ ہے اور اس کی ادارت میں ’سیاسی تعصب‘ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے 2024 میں لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ وکی پیڈیا کو عطیات دینا بند کر دیں۔

AAJ News Whatsapp

گروکی پیڈیا کے ابتدائی ورژن 0.1 میں تقریباً 8 لاکھ 85 ہزار مضامین شامل ہیں، جبکہ وکی پیڈیا پر انگریزی میں 71 لاکھ سے زائد مضامین موجود ہیں۔

وکی میڈیا فاؤنڈیشن نے گروکی پیڈیا کی لانچنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وکی پیڈیا انسانوں کی کاوش ہے، اور ہمیشہ رہے گا۔ اے آئی کمپنیاں بھی اسی انسانی علم پر انحصار کرتی ہیں۔ حتیٰ کہ گروکی پیڈیا کو بھی تربیت کے لیے وکی پیڈیا کے مواد کی ضرورت پڑی۔‘

ماہرین کا کہنا ہے کہ گروکی پیڈیا ایک نئی سمت ضرور ہے، لیکن فی الحال اس کے بیشتر مضامین کا انحصار اسی پلیٹ فارم پر ہے جسے مسک ”متعصب“ کہتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles