پروڈیوسر صمد عارض کی شوبز میں انٹری

انگلینڈ سے پاکستان تک کا سفر: پروڈیوسر صمد عارض کی شوبز میں انٹری

اداکاری کے میدان میں بھی صمد عارض اپنی صلاحیتیں آزما چکے ہیں

برطانیہ میں کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ رہنے والے پاکستانی پروڈیوسر صمد عارض نے فلم، موسیقی اور اداکاری کے شعبوں میں بھی اپنی شناخت بنانے کا سفر شروع کردیا ہے۔

صمد عارض کا تعلق برطانیہ سے ہے جہاں انہوں نے لنکاشائر میں ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ رائیڈنگز ہائی اسکول سے جی سی ایس ای مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ایکرنگٹن کالج میں تعلیم حاصل کی۔

 انہوں نے عملی زندگی کا آغاز فوڈ انڈسٹری سے کیا اور بعدازاں لندن منتقل ہوکر کئی برس تک خاندانی کاروبار سے وابستہ رہے جبکہ بعد میں لنکاشائر واپس آکر فاسٹ فوڈ کے شعبے میں کام جاری رکھا۔

صمد عارض کے مطابق انہیں فنونِ لطیفہ میں شروع سے دلچسپی رہی تاہم پاکستان کی فلم اور میوزک انڈسٹری میں انہوں نے باضابطہ طور پر 2023 میں کام شروع کیا۔ وہ پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے رکن بھی ہیں اور منفرد و معیاری منصوبوں کے ذریعے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

موسیقی کے شعبے میں صمد عارض کو ملکو اسٹوڈیو، واجد علی بغدادی، مظہر راہی، حمیرا ارشد اور جگا مان برادرز سمیت مختلف فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

ان کا کہنا ہے کہ معروف فنکاروں کے ساتھ موسیقی کے منصوبوں پر کام کرنا ان کے لیے ایک یادگار تجربہ رہا۔

اداکاری کے میدان میں بھی صمد عارض اپنی صلاحیتیں آزما چکے ہیں۔ وہ ڈرامہ سیریل ’جدائی‘ میں جاوید شیخ، نیر اعجاز، فرقان قریشی اور عکاشہ گل اشرف کے ساتھ اداکاری کرچکے ہیں۔

صمد عارض اس وقت معروف ہدایت کار ابو علیحہ کی ہدایت کاری میں بننے والی ہارر فلم ’فراموش‘ میں اداکاری کررہے ہیں جس کی پروڈکشن جاری ہے۔ اس کے علاوہ وہ مستقبل قریب میں اپنی فلم پروڈیوس کرنے کی تیاری بھی کررہے ہیں۔

اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے صمد عارض کا کہنا ہے کہ اپنے کاروباری تجربے کو تخلیقی سوچ کے ساتھ جوڑ کر فلم، ڈرامہ اور موسیقی کے ایسے منصوبے پیش کرنا چاہتا ہوں جو ناظرین کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کریں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles