ایشیا کپ سپر فور: سری لنکا کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر 4 مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے چھٹے میچ میں سری لنکا کے کپتان چرتھ اسالنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کے پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

بھارت نے سری لنکا کے خلاف پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ بولر جسپریت بمرا اور شیوم دوبے کی جگہ ارشدیپ سنگھ اور ہرشیت رانا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری طرف سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، کرونارتنے کی جگہ جنتھ لیانگے کو شامل کیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ پہلا مقابلہ ہے۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی ٹیم میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، سوریہ کمار یادو (کپتان)، تلک ورما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، ہرشیت رانا، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ اور ورون چکرورتی شامل ہین۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکا کی ٹیم پتھم نسانکا، کوسل مینڈس (وکٹ کیپر)، کوسل پریرا، چرتھ اسالنکا (کپتان)، کمنڈو مینڈس، داسن شاناکا، وانندو ہسارانگا، جنتھ لیانگے، دشمنتھا چمیرا، مہیش تھکشانا اور نوان تُشارا پر مشتمل ہے۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں دونوں ٹیموں کا ریکارڈ دیکھا جائے تو بھارت کو نمایاں برتری حاصل ہے، اب تک دونوں ٹیمیں 31 میچز کھیل چکی ہیں، جن میں بھارت نے 21 فتوحات حاصل کیں، سری لنکا نے 9 میچز جیتے جب کہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

گزشتہ باہمی سیریز جولائی میں پالی کلے میں کھیلی گئی تھی جس میں بھارت نے میزبان سری لنکا کو تین صفر سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب بھارت نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں اپنے 2 میچز میں پاکستان اور بنگلادیش کو شکست دی ہے اور فائنل میں پہنچ گیا ہے جب کہ سری لنکا کو اپنے 2 میچز میں پاکستان اور بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔

ایونٹ کا فائنل اتوار 28 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles