”ہیلو، میں سڑک پر کھڑا ہوں“: میکرون کی ٹرمپ سے مذاق بھری کال کی ویڈیو وائرل

نیو یارک میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے نکل کر اپنی گاڑی میں جا رہے تھے، مگر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی قافلے کے باعث پولیس نے سڑکیں بند کر دیں اور میکرون بیچ سڑک پر پھنس گئے۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میکرون اپنی گاڑی سے اترے اور پولیس اہلکار سے بحث کرنے لگے کہ انہیں آگے جانے دیا جائے، لیکن اہلکار نے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ راستہ صرف امریکی صدر کے قافلے کے لیے بند ہے۔

اس پر میکرون نے مذاقاً فون اٹھایا اور ٹرمپ کو کال کر دی۔ ہنستے ہوئے کہا: ”ہیلو، میں سڑک پر کھڑا ہوں کیونکہ سب کچھ آپ کے لیے رکا ہوا ہے، اب ذرا راستہ کھلوا دیں!“۔

AAJ News Whatsapp

مزید گفتگو میں میکرون نے ٹرمپ سے کہا کہ وہ چاہتے ہیں بعد میں قطر اور امریکا کے ساتھ مل کر غزہ کی صورتِ حال پر ایک مختصر بات چیت ہو سکے۔

فرانسیسی صدر کچھ دیر نیویارک کی مصروف سڑکوں پر پیدل چلتے دکھائی دیے۔ فرانسیسی سفارتخانے کی طرف جاتے ہوئے انہوں نے عام شہریوں کے ساتھ ہنستے مسکراتے ہوئے تصاویر بنوائیں۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب دنیا بھر کے سربراہانِ مملکت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔

ان رہنماؤں میں پاکستان، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، جاپان، سعودی عرب، چین اور دیگر ممالک کے وزرائے اعظم و صدور شامل ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ میکرون نے اسی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا، جس پر امریکا اور اسرائیل نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ”غزہ میں جنگ کے جاری رہنے کا کوئی جواز نہیں“۔ دوسری طرف ٹرمپ اس فیصلے کو ”حماس کے لیے انعام“ قرار دے چکے ہیں۔

یوں ایک طرف عالمی سیاست کی سنگین کشیدگیاں اور دوسری طرف نیویارک کی سڑک پر ہنسی مذاق سے بھرپور ایک لمحہ، فرانسیسی صدر میکرون کے حصے میں آ گیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles