پرتگال نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پرتگال کی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ 21 ستمبر کو فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
پرتگالی وزیرِ خارجہ نے رواں ہفتے کہا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے تاہم اب وزارت خارجہ نے اعلان کر دیا ہے۔
یاد رہے فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور بیلجیئم بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں اور اس کا باقائدہ اعلان رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں متوقع ہے۔
ادھر برازیل بھی اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت چلا گیا ہے جس کے لیے برازیل نے غزہ میں نسل کشی رکوانے کے لیے فریق بننے کی درخواست دے دی ہے۔

برازیل حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کررہا ہے۔
عالمی عدالت کے مطابق برازیل نے یہ مداخلت آرٹیکل 63 کے تحت کی ہے، جو ان ریاستوں کو یہ حق دیتا ہے جو کسی ایسے کنونشن کی فریق ہوں جس کی تشریح عالمی عدالت انصاف کے سامنے زیر غور ہو۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج نے زمینی آپریشن تیز کردیا ہے جس میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئی ہیں۔
فلسطینی محکمہ ڈیفنس کے مطابق غزہ سٹی سے اب تک چار لاکھ 50 ہزار فلسطینی نقل مکانی کر چکے ہیں۔ مجموعی تعداد چار لاکھ اسی ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے مزید 33 فلسطینی شہید اور 146 زخمی ہوگئے ہیں۔
جبکہ شہدا کی مجموعی تعداد 65 ہزار200ہوگئی ہے اور 1 لاکھ 66 ہزار 70 زخمی ہیں۔