
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی کی 4 قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے آفس میں جمع کرایا ہے جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے قانون و انصاف، انسانی حقوق، آئی ٹی اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری سے استعفی دیا ہے۔
دریں اثناء پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر نے 18ارکان کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرا دیے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان نے عمران خان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دینا شروع کردیا ہے۔
گزشتہ روز جنید اکبر نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، جنید اکبر نے چیئرمین پی اے سی کے عہدے سے استعفیٰ چیف وہپ عامر ڈوگر کو بھجوایا تھا۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے بھی قومی اسمبلی کی 3 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
فیصل امین گنڈا پور نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کیا تھا، جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ یہ فیصلہ بانی پاکستان تحریک انصاف کی ہدایت پرکیا گیا ہے۔