
بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا مضحکہ بیان مسترد کردیا، کہا اے پی سنگھ اپنے الزامات کی تائید میں کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کرسکے۔ بغیر ثبوت دعویٰ بھارتی فضائیہ میں کمان کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان کے ایف سولہ جہاز گرانے کا بیان دیا تھا۔
معروف بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کے ان دعوؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جن میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ چار روزہ حالیہ جنگ کے دوران بھارتی فضائیہ نے پاکستانی طیارے تباہ کیے ہیں۔
ساہنی نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ سربراہ نے اپنے الزامات کی تائید میں کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ فضائیہ کی سرکاری پریس ریلیز میں بھی ایسے دعوے شامل نہیں تھے جو ایئر چیف نے عوامی خطاب میں کیے۔
پراوین ساہنی نے ایک اہم سوال اٹھایا کہ اگر بھارت نے ایف-16 طیارے کو ہوا میں یا ہینگر میں نشانہ بنایا ہے تو تین ماہ تک دنیا کو اس کا علم کیسے نہیں ہوا؟ کیونکہ ایسے جدید طیارے کی تباہی سیٹلائٹ تصاویر، انٹیلی جنس رپورٹس اور عالمی میڈیا کے ذریعے جلد ہی سامنے آ جاتی۔
ساہنی نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فضائیہ سربراہ نے تباہ کیے گئے طیاروں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، جس کی وجہ سے ان کے دعوے مشکوک لگتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک الجھی ہوئی اور دیر سے کی گئی بیان بازی ہے، جو پاکستان کی طرف سے حالیہ ناکامی کے بعد کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ نے 7 مئی کو ہونے والی فضائی لڑائی کے فوراً بعد بھارتی لڑاکا طیاروں کے بارے میں تفصیلات جاری کیں، جن میں ایک رافیل طیارہ بھی شامل تھا۔ انہوں نے بھارتی طیارے کی کاکپٹ کمیونیکیشن کی آڈیو بھی جاری کی جو انہوں نے مبینہ طور پر انٹرسپٹ اور ڈی کوڈ کی تھی۔