ڈی جی آئی ایس پی آر آج شام اہم پریس کانفرنس کریں گے


ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج شام اہم پریس کانفرنس کریں گے، اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر افسران بھی ہمراہ ہوں گے۔
ترجمان پاک فوج لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری پاکستان ایئرفورس اور پاکستان نیوی کے سینئر آفیسرز کے ہمراہ آج شام 7 بج کر 15 منٹ پر اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
مسلح افواج کے ترجمانوں کی جانب سے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے منہ توڑ جواب سے متعلق اہم تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 10 فروری کو علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا تھااور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مساجد کو جن ایئربیسز سے ٹارگٹ کیا گیا تھا، ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیے گئے تھے۔
اسی طرح پاکستانی میزائلوں سے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ کردی گئی تھی جبکہ پاک فوج نے پٹھان کوٹ میں ایئرفیلڈ کو بھی تباہ کردیا، راجوڑی اور نوشہرہ میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے والے بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کے تربیتی مراکز بھی تباہ کر دیے گئے تھے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles