وزارتِ اقتصادی امور کا ’ایکس‘ اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا


وزارتِ اقتصادی امور کا سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر موجود سرکاری اکاؤنٹ گزشتہ رات ہیک کر لیا گیا۔ وزارت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اکاؤنٹ پر کی جانے والی حالیہ سرگرمیوں کا وزارت سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان وزارت اقتصادی امور کے مطابق ہیکر کی جانب سے اکاؤنٹ سے پاک بھارت کشیدگی سے متعلق ایک متنازع پوسٹ کی گئی ہے جو وزارت کی پالیسی، یا مؤقف کی عکاسی نہیں کرتی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اس وقت ایکس پر وزارت کی جانب سے کوئی مستند پوسٹ موجود نہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی کسی بھی معلومات پر یقین نہ کریں جب تک کہ باضابطہ اعلان نہ کیا جائے۔
وزارت کی جانب سے متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ایکس انتظامیہ سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ اکاؤنٹ کو بحال اور محفوظ بنایا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ ہیکنگ کی اس کارروائی کا مقصد انتشار پھیلانا اور غلط فہمیاں پیدا کرنا ہو سکتا ہے، جس کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم الرٹ بھارتی سائبر حملوں کے خطرے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم الرٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صارفین مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں، غیر تصدیق شدہ پیغامات، ای میلز یا سوشل میڈیا لنکس نہ کلک کریں تاکہ ہیکرز سے محفوظ رہ سکیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان پر سائبر حملوں سے متعلق غیر مصدقہ معلومات یا افواہیں شیئر نہ کریں، صرف معتبر ذرائع پر اعتماد کریں، سرکاری یا معتبر چینلز سے اپ ڈیٹس حاصل کریں۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کا آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ ہیک
کراچی پورٹ ٹرسٹ نے تصدیق کی ہے کہ اس کا آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ ہیک کر لیا گیا ہے اور ادارے کے مطابق یہ سائبر حملہ بھارت سے کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہیک شدہ اکاؤنٹ سے جھوٹی اور گمراہ کن خبریں شیئر کی جا رہی ہیں، جن کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان جعلی پوسٹس پر ہرگز یقین نہ کریں۔
ترجمان کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا ٹیم اکاؤنٹ کو ریکور کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles