پروازیں منسوخ یا موڑ دی گئیں، بھارت اور پاکستان کشیدگی پر ایئرلائنز کا ردعمل

پاکستان اور بھارت کے درمیان رات گئے ہونے والے تصادم کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے اور تمام فلائٹس کو کراچی ائرپورٹ پر موڑ دی گئی ہیں۔ بدھ کے روز ایشیائی ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی کے باعث یورپ جانے اور وہاں سے آنے والی اپنی پروازوں کو یا تو منسوخ کر رہی ہیں یا ان کے راستے تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

اس کشیدگی میں اس وقت شدت آئی جب بھارت نے پاکستان اور آزاد کشمیر پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں پاکستان نے بھارت کے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے ہیں اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا گیا ہے۔

تائیوان کی ایوا ایئر (EVA Air) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری لڑائی سے متاثرہ فضائی حدود سے بچنے کے لیے اپنی یورپ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازوں کے راستوں کو ایڈجسٹ کر رہی ہے۔ ایئرلائن کے مطابق ویانا سے روانہ ہونے والی ایک پرواز کو واپس ویانا ہی موڑ دیا جائے گا، جبکہ تائی پے سے میلان جانے والی پرواز کو ایندھن کے لیے ویانا میں اتارا جائے گا، جس کے بعد وہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گی۔

جنوبی کوریا کی کورین ایئر (Korean Air) نے بھی پاکستان کی فضائی حدود سے بچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایئرلائن جنوبی کوریا کے انچیون ایئرپورٹ اور متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے درمیان پروازیں چلاتی ہے۔ یہ اطلاع یونہاپ نیوز ایجنسی نے دی ہے۔

تائیوان کی چائنا ایئرلائنز (China Airlines) نے بتایا کہ اس نے ہنگامی منصوبہ فعال کر دیا ہے اور اپنے مسافروں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کیے ہیں، تاہم انہوں نے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

تائی پے کے باہر واقع تائیوان کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے، تاؤیوان ایئرپورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق بدھ کے روز چائنا ایئرلائنز کی لندن جانے والی نان اسٹاپ پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔

روس یوکرین جنگ سے پہلے یورپ جانے والی بیشتر تائیوانی پروازیں روس کی فضائی حدود سے گزرتی تھیں، لیکن اب تائیوان کی جانب سے مغربی پابندیوں میں شمولیت کے بعد روسی فضائی حدود پر پابندی ہے، جس کے باعث یہ پروازیں بھارت، پاکستان اور وسطی ایشیا کے راستے جاتی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles