گلوکار جواد احمد پر بجلی چوری کا الزام؛ مقدمہ درج
پاکستان کے معروف گلوکار جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گلوکار جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر پر لیسکو عملہ بجلی چوری کی تحقیقات کے لیے پہنچا، جواد احمد نے موقع پر پہنچ کر عملے کے ساتھ گالم گلوچ کی اور عملے کو دھمکایا۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنی گاڑی (ویگو ڈالا) عملے پر چڑھانے کی کوشش بھی کی۔
بعدازاں لیسکو کی جانب سے تھانہ نواب ٹاؤن میں گلوکار جواد احمد، ان کے ساتھی عدیل اور چار نامعلوم افراد کے خلاف درخواست درج کرائی گئی۔
لیسکو حکام کے مطابق بیوٹی پارلر کے بجلی میٹر میں چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی، جس کا مقصد بجلی چوری کرنا تھا۔ بجلی کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے پارلر کی بجلی منقطع کر دی گئی ہے۔
پولیس کو درخواست موصول ہو چکی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ لیسکو نے اعلیٰ حکام کو بجلی چوری کے شواہد اور دیگر تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ اس معاملے پر ابھی تک جواد احمد یا ان کے ترجمان کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔