معروف آنجہانی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی بائیو پک نے باکس آفس پر دھوم مچا دی
200 ملین ڈالر کے بھاری بجٹ سے بننے والی یہ فلم نہ صرف کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے
پاپ میوزک کے بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی نئی میوزیکل فلم مائیکل نے ریلیز ہوتے ہی عالمی باکس آفس پر دھوم مچا دی اور بایوپک فلموں کی تاریخ کا سب سے بڑا اوپننگ ویک اینڈ اپنے نام کر لیا۔
فلم میں مرکزی کردار ان کے بھتیجے جیفر جیکسن نے ادا کیا ہے، اور صرف چند دنوں میں فلم نے دنیا بھر سے 217 ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کر لیا۔
اس سے پہلے بوہیمیان ریپسوڈی جس میں فریڈی مرکری کی زندگی دکھائی گئی تھی 124 ملین ڈالر کے ساتھ ریکارڈ ہولڈر تھی، جبکہ مائیکل نے اوپن ہیمر کی 180 ملین ڈالر کی اوپننگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
فلم کو جہاں مداحوں کی جانب سے 97 فی صد ریٹنگ کے ساتھ زبردست پذیرائی ملی ہے وہیں ناقدین نے اسے 38 فی صد اسکور دے کر حقیقت سے نرم قرار دیا ہے۔
ہدایتکار انتونی فوکا نے انکشاف کیا کہ فلم کی کہانی میں بڑی تبدیلیاں کرنی پڑیں، جس کے بعد فلم کو زیادہ تر مائیکل جیکسن کے میوزیکل کیریئر پر فوکس کیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم میں مائیکل جیکسن کے مشہور گانے جیسے بلی جین، بیٹ اٹ اور تھرلر کو اصل آواز میں شامل کیا گیا ہے، جو شائقین کے لیے خاص کشش بن گئے ہیں۔
200 ملین ڈالر کے بھاری بجٹ سے بننے والی یہ فلم نہ صرف کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے بلکہ ایک بار پھر ثابت کر رہی ہے کہ مائیکل جیکسن کا جادو آج بھی سر چڑھ کر بولتا ہے۔