سیف علی خان پر چور کا چاقو سے حملہ، اداکار شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل
بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی اور مزاحمت پر اداکار شدید زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ رات 2 بج کر 30 منٹ پر ممبئی میں باندرا میں اداکار کے گھر پیش آیا جہاں مزاحمت پر سیف علی خان زخمی ہوگئے جنہیں لیلاوتی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نامعلوم شخص نے چوری کی نیت سے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سیف علی خان نے مزاحمت کی تو ملزم فرار ہوگیا۔
رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اداکار پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے، جبکہ گھر والے محفوظ رہے۔
اداکار کی لیلاوتی اسپتال میں سرجری کردی گئی ہے، اسپتال کے سی او او ڈاکٹر نیرج اُتمانی کے بیان کے مطابق سیف کو چاقو کے وار سے چھ زخم آئے جس میں سے دو کافی گہرے تھے، مطابق ان میں سے ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے نزدیک تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقع کی تفتیش جاری ہے جبکہ گھر والوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جارہے ہیں اور پولیس گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ملزم کی شناخت کی کوشش کررہی ہے۔