جاوید شیخ نے کیریئر کے سب سے کٹھن دور سے پردہ اٹھا دیا

جاوید شیخ نے کیریئر کے سب سے کٹھن دور سے پردہ اٹھا دیا

مجھے فلم سے نکال دیا گیا تھا! اداکار نے کیریئر کا مشکل ترین دور یاد کرلیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے فنی کیریئر کے ایک مشکل مرحلے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب مجھے ایک فلم سے نکال کر میری جگہ اداکار فیصل رحمان کو کاسٹ کر لیا گیا جس سے مجھے شدید صدمہ پہنچا تھا۔

ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ ایک فلم کی ناکامی کے بعد مجھے ایک نئی فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی اور میں اس منصوبے پر کام شروع کرنے کے لیے تیار تھا۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں فلم سازوں کی جانب سے مجھے اطلاع دی گئی کہ فلم کے ڈسٹری بیوٹر کا خیال ہے کہ میں اس وقت باکس آفس پر کامیاب اداکار نہیں رہا اسی لیے میری جگہ فیصل رحمان کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جاوید شیخ کے مطابق یہ خبر میرے لیے انتہائی تکلیف دہ تھی اور میں اس واقعے پر جذباتی ہو گیا تھا۔ اس کے بعد کئی برس تک مجھے سخت محنت اور جدوجہد کرنا پڑی تاہم مستقل مزاجی اور لگن کے باعث میں دوبارہ فلمی صنعت میں اپنی جگہ بنانے اور کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

اداکار نے بتایا کہ بعد میں وہی فلم ساز دوبارہ میرے پاس ایک نئی فلم کی پیشکش لے کر آئے لیکن میں نے ماضی کی تلخیوں کو دل میں جگہ دینے کے بجائے پیشہ ورانہ رویہ اپنایا اور ان کے ساتھ کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔

جاوید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ زندگی میں کامیابی اور ناکامی دونوں آتی رہتی ہیں تاہم محنت، صبر اور مثبت سوچ ہی انسان کو دوبارہ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles