
پاکستان کی بڑی موبائل فون کمپنیوں جاز، زونگ، یو فون اور ٹیلی نار نے مختلف کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران بعض ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاز، زونگ، یو فون اور ٹیلی نار کے ٹاپ 15 ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی تازہ ترین قیمتوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق ویب سائٹ پر موجود معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران مختلف پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہانہ ہائبرڈ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ ہائبرڈ بنڈلز 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔ اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمتوں میں 130 روپے تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تین روزہ بنڈلز کی قیمت میں 21 روپے، دو روزہ پیکجز میں 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز میں 5 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین میں آگاہی بڑھانے اور قیمتوں میں شفافیت کو فروغ دینے کے لیے اس کی سرکاری ویب سائٹ کے کنزیومر اویئرنس سیکشن کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق ویب سائٹ پر چاروں موبائل کمپنیوں کے ٹاپ 15 بنڈلز کا آسان اور واضح موازنہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ صارفین اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق بہتر انتخاب کر سکیں۔
پی ٹی اے کے ترجمان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام صارفین کو مختلف پیکجز کا موازنہ کرنے اور قیمتوں کے تازہ ترین رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے باخبر فیصلے کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق صارفین کو چاہیے کہ وہ پیکجز کی تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے لیے پی ٹی اے اور متعلقہ موبائل کمپنیوں کی ویب سائٹس کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینے کے عزم کا حصہ ہے۔