یوٹیوبر مسٹر بیسٹ شادی کے بندھن میں بندھ گئے

یوٹیوبر مسٹر بیسٹ شادی کے بندھن میں بندھ گئے

تصاویر میں نوبیاہتا جوڑا خوشگوار اور رومانوی انداز میں نظر آیا

دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ جمی ڈونلڈسن نے اپنی دیرینہ دوست اور گیمنگ اسٹریمر تھیا بوئسن کے ساتھ شادی کر لی۔

مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ مجھے مسز بیسٹ مل گئی اور یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں نوبیاہتا جوڑا خوشگوار اور رومانوی انداز میں نظر آیا۔ تصاویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ “جمی! تم ہر خوشی کے مستحق ہو” جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ “یہ ایک بہترین جوڑی ہے جو واقعی ایک دوسرے کے لیے بنی ہے۔”

28 سالہ مسٹر بیسٹ نے شادی کے موقع پر کریم رنگ کا ٹکسیڈو اور سیاہ بو ٹائی پہن رکھی تھی جبکہ دلہن تھیا بوئسن سفید لیس سے مزین خوبصورت عروسی لباس میں ملبوس تھیں۔ دونوں کی تصاویر خوشی، محبت اور جشن کی عکاس دکھائی دیں۔

یاد رہے کہ مسٹر بیسٹ اور تھیا بوئسن کی پہلی ملاقات 2022ء میں جنوبی افریقا میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔ یوٹیوب، سائنس اور سیکھنے میں مشترکہ دلچسپی نے دونوں کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا جس کے بعد ان کے تعلق نے محبت کی شکل اختیار کی۔

بعد ازاں جنوری 2025ء میں مسٹر بیسٹ نے منفرد انداز میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا جسے سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles