ماہرہ خان نے نئے اور منفرد کرداروں کی خواہش ظاہر کردی

ماہرہ خان نے نئے اور منفرد کرداروں کی خواہش ظاہر کردی

شہرت اور مقبولیت ہمیشہ نہیں رہتی! ماہرہ خان کا حقیقت پسندانہ بیان وائرل ہوگیا

پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے نئے اور منفرد کرداروں کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت آئے گا جب ہیروئن کے کردار نہیں ملیں گے اور مجھے اس بات کی کوئی فکر نہیں۔

دبئی میں منعقدہ ایک ادبی و ثقافتی تقریب کے دوران خصوصی نشست ’’کہانی سے کردار‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے شہرت، کامیابی اور عمر کے ساتھ بدلتے ہوئے کرداروں کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی اور مداحوں کی محبت بے حد عزیز ہے اور میں اپنے فالوورز کے ساتھ تعلق کو بہت اہمیت دیتی ہوں، شہرت اور مقبولیت مستقل نہیں رہتی اس لیے میں ہمیشہ اپنی توجہ اپنے کام اور فن پر مرکوز رکھتی ہوں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شہرت اور کامیابی زندگی کی عارضی حقیقتیں ہیں جو آج موجود ہوتی ہیں اور کل تبدیل بھی ہوسکتی ہیں اس لیے انہیں زندگی کا اصل مقصد نہیں سمجھنا چاہیے۔

ماہرہ خان نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ میں اپنی موجودہ عمر اور زندگی کے اس مرحلے سے مطمئن ہوں اور مجھے اس بات کی فکر نہیں کہ مستقبل میں مجھے روایتی ہیروئن کے کردار ملیں گے یا نہیں، میں اس حقیقت کو قبول کرتی ہوں اور اسے فطری پیش رفت سمجھتی ہوں۔

انہوں نے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز سے اپیل کی کہ مجھے روایتی کرداروں تک محدود رکھنے کے بجائے مختلف اور منفرد کرداروں میں کاسٹ کیا جائے تاکہ میں اپنی اداکاری کے مزید رنگ ناظرین کے سامنے پیش کر سکوں۔

سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کے اس بیان کو خوب سراہا جا رہا ہے جہاں مداح ان کی خوداعتمادی، حقیقت پسندی اور فن سے وابستگی کی تعریف کررہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles