
فیڈریشن انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن (فیفا) نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے آغاز کے موقع پر نیا فٹبال ویڈیو گیم جاری کیا جائے گا۔ یہ گیم 11 جون کو نیٹ فلکس گیمز پر دستیاب ہوگا اور نیٹ فلکس صارفین اسے بغیر کسی اضافی فیس کے کھیل سکیں گے۔
عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے جمعرات کو اعلان کیا کہ نیا ویڈیو گیم ”FIFA World Cup: Launch Edition“ ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی روز 11 جون کو جاری کیا جائے گا۔
فیفا کے مطابق یہ گیم خصوصی طور پر نیٹ فلکس گیمز پر دستیاب ہوگی اور نیٹ فلکس کے سبسکرائبرز اضافی ادائیگی کے بغیر اس تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
گیم کو نیٹ فلکس گیمز اور ڈیلفی انٹرایکٹو کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، اسے ایک آسان اور قابلِ رسائی فٹبال سیمولیشن گیم کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ شائقین ورلڈ کپ کے تجربے کا حصہ بن سکیں۔
گیم میں ورلڈ کپ 2026 میں شریک تمام 48 ٹیمیں شامل ہوں گی جب کہ کھلاڑی ٹورنامنٹ کے 16 مختلف اسٹیڈیمز میں میچز کھیل سکیں گے۔ فیفا کے مطابق گیم میں 1200 سے زائد فٹبالرز شامل کیے گئے ہیں۔
فیفا نے بتایا کہ اس گیم میں اسمارٹ فون کنٹرولر کے طور پر استعمال ہوگا۔ صارفین ایک QR کوڈ اسکین کرکے اپنے فون کو ٹی وی سے منسلک کر سکیں گے اور بڑی اسکرین پر گیم کھیل سکیں گے۔ گیم میں بیک وقت چار افراد کے ایک ساتھ کھیلنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
فیفا کے مطابق یہ منصوبہ اس کی نئی گیمنگ حکمت عملی کا حصہ ہے، جو EA Sports کے ساتھ طویل شراکت داری کے خاتمے کے بعد اپنائی گئی ہے۔ تنظیم اب مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر مختلف پلیٹ فارمز اور نئی آڈینس تک رسائی حاصل کرنا چاہتی ہے۔
فیفا نے کہا ہے کہ یہ گیم ایک طویل المدتی منصوبے کا آغاز ہے اور مستقبل میں اس میں مزید فیچرز اور دیگر پلیٹ فارمز کے لیے سپورٹ بھی شامل کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جس کا افتتاحی میچ 11 جون کو کھیلا جائے گا۔