پاکستانی فلم انڈسٹری کی بڑی کامیابی، ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ چین میں ریلیز ہوگی
فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس خبر کی تصدیق کردی۔
پاکستانی فلم انڈسٹری نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرلی، معروف ہدایتکار بلال لاشاری اور مشہور فلم پروڈیوسر عمارہ حکمت کی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ 21 مئی 2026 کو چین بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کی چین میں ریلیز کی خبر سامنے آنے کے بعد پاکستانی شوبز حلقوں اور فلم شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور معروف فلم ڈسٹری بیوٹر ندیم منڈی والا کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں ندیم منڈوی والا کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے فلم کو چین میں ریلیز کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں غیر معمولی کامیابی حاصل کرچکی ہے اور اسے پاکستانی سینما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
فلم کی بین الاقوامی سطح پر کامیابی کو پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔