فیفا ورلڈ کپ سے جلد باہر ہونے کے بعد جرمن فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ کا استعفیٰ آگیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جرمنی کے مایوس کن سفر کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جولین ناگلزمین اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ جرمن فٹبال فیڈریشن کے مطابق یہ فیصلہ اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد باہمی اتفاق سے کیا گیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق جرمن فٹبال فیڈریشن (ڈی ایف بی) نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ 38 سالہ جولین ناگلزمین قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے منصب سے الگ ہو گئے ہیں حالاں کہ ان کا معاہدہ 2028 کی یورپی چیمپئن شپ تک تھا۔

ناگلزمین کی رخصتی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جرمنی کو ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں پیراگوئے کے ہاتھوں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جسے ٹورنامنٹ کے بڑے اپ سیٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔

ڈی ایف بی کے صدر برنڈ نوئیندورف نے اپنے بیان میں جولین ناگلزمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ستمبر 2023 سے قومی ٹیم کے لیے بھرپور عزم اور غیر معمولی جذبے کے ساتھ کام کیا۔ ان کے مطابق ناگلزمین ایک ذمہ دار اور مخلص شخصیت ہیں جنہیں فیڈریشن قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

جرمن اخبار بلڈ کی رپورٹ کے مطابق ناگلزمین نے جمعرات کو فرینکفرٹ میں ڈی ایف بی ہیڈ کوارٹر میں تقریباً 3 گھنٹے طویل اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہیں عہدہ چھوڑنے کے لیے تقریباً 70 لاکھ یورو کے سیورنس پیکج کی پیشکش کی گئی، جو ان کی تقریباً ایک سال کی تنخواہ کے برابر ہے۔

ناگلزمین جرمنی کی تاریخ کے دوسرے قومی کوچ ہیں، جنہیں ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد عہدہ چھوڑنا پڑا۔ اس سے قبل ہانسی فلیک بھی 2023 میں اپنے منصب سے الگ ہوئے تھے۔

اپنے بیان میں جولین ناگلزمین نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا تاہم ان کی اولین ترجیح ہمیشہ ٹیم کی کامیابی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تلخ ناکامی کے بعد ٹیم ایک نئی شروعات کی مستحق ہے۔

انہوں نے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا دلی افسوس ہے کہ ٹیم مداحوں کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی اور انہیں ورلڈ کپ میں مزید یاد گار لمحات فراہم نہ کر سکی۔

پیراگوئے کے خلاف بوسٹن میں ہونے والی شکست جرمنی کا مسلسل تیسرا ناکام ورلڈ کپ ثابت ہوئی۔ 4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم 2018 کے روس ورلڈ کپ اور 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں بھی گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔

جرمنی نے 2014 کے ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا کے خلاف 1-0 کی فتح کے بعد سے نہ تو ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کوئی میچ جیتا ہے اور نہ ہی کسی میچ میں کلین شیٹ برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

دوسری جانب جرمن فٹبال فیڈریشن نے کہا ہے کہ سابق لیورپول اور بوروسیا ڈورٹمنڈ کے کوچ یورگن کلوپ سے قومی ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے بات چیت شروع کی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق کلوپ جرمنی کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالنے پر اصولی آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔

یورگن کلوپ، جنہوں نے 2024 میں لیورپول سے علیحدگی اختیار کی تھی، اس وقت ریڈ بل کے گلوبل ہیڈ آف فٹبال کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم رپورٹس کے مطابق ان کے معاہدے میں ایسی شق موجود ہے، جس کے تحت وہ جرمنی کی قومی ٹیم کی کوچنگ سنبھال سکتے ہیں۔ 59 سالہ کلوپ ورلڈ کپ کے دوران جرمن ٹی وی پر بطور مبصر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles