رونالڈو کا آخری ورلڈ کپ؟ بہن نے انکشاف کردیا

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی بہن کاتیا اویرو نے اشارہ دیا ہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ ان کے بھائی کے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پرتگال اور کروشیا کے درمیان راؤنڈ آف 32 کے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کاتیا ایویرو نے کہا کہ انہیں ملنے والی معلومات کے مطابق رونالڈو جلد قومی ٹیم کو الوداع کہہ سکتے ہیں یعنی اس ٹورنامنٹ کے بعد وہ بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ رونالڈو کا فٹبال کی دنیا میں“لاسٹ ڈانس“ ہو سکتا ہے یعنی اس ٹورنامنٹ کے بعد وہ بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں، اس لیے شائقین کو چاہیے کہ وہ ان کے کھیل سے بھرپور لطف اٹھائیں کیونکہ ان جیسا کھلاڑی دوبارہ ملنا آسان نہیں ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ رونالڈو کروشیا کے خلاف میچ کے فوراً بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کریں گے، تاہم ان کے خیال میں 2026 کا ورلڈ کپ پرتگال کے ساتھ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ کاتیا ایویرو نے یہ بھی کہا کہ یہ مقابلہ کروشیا کے کپتان لوکا موڈرچ کے لیے بھی ایک طرح سے ”آخری ڈانس“ ثابت ہو سکتا ہے۔

رونالڈو کو حالیہ عرصے میں تنقید کا سامنا بھی رہا ہے، تاہم ان کی بہن نے اپنے بھائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ان کی صلاحیتوں اور خدمات کی قدر نہیں کرتے، وہ فٹبال کو صحیح معنوں میں نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ پورا خاندان رونالڈو کے شاندار کیریئر اور کامیابیوں پر فخر محسوس کرتا ہے۔

41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اس وقت اپنے ریکارڈ چھٹے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کر رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل ورلڈ کپ کی چھ مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔

فٹ بال کی دنیا میں کرسٹیانو رونالڈو کا شمار تاریخ کے عظیم ترین اور مایہ ناز کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے بے مثال کھیل، شاندار فٹنس اور گول کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت سے دنیا بھر کے کروڑوں دلوں پر راج کیا ہے۔ ان کا میدان میں ہونا ہی میچ کا رخ بدلنے کے لیے کافی سمجھا جاتا ہے، اور کھیل کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ ایسے عظیم کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جن کا متبادل تلاش کرنا ناممکن ہوتا ہے۔

تاہم، رونالڈو کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اب تک خود فٹبالر یا پرتگال فٹبال فیڈریشن کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، اس لیے ان کی بہن کے بیان کو فی الحال ایک ذاتی رائے یا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles