انٹرنیٹ پر لوگوں کے بارے میں فیصلہ کن رویہ اپنانے سے گریز کرنا چاہیے، خوشی کپور
بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی معروف آنجہانی اداکارہ سری دیوی اور پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی خوشی کپور نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر لوگوں کے بارے میں فیصلہ کن رویہ اپنانے سے گریز کرنا چاہیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کے بیٹے جنید خان اور آنجہانی سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور، ایڈویت چندن کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’لویاپا‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جو 7 فروری کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
فلم کی پروموشن کے دوران خوشی کپور نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال، اس کے اثرات اور انٹرنیٹ کے نقصان دہ پہلوؤں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کے غلط استعمال کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ انٹرنیٹ پر اے آئی کی وجہ سے کافی خوفناک چیزیں موجود ہیں، لوگوں کو ان چیزوں سے اپنا دفاع کرنا پڑتا ہے جو انہوں نے کی ہی نہیں ہوتیں، یہ کافی ڈراؤنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی لیے آپ کو لوگوں پر بھروسہ کرنا چاہیے اور انٹرنیٹ پر جو چیزیں ڈال رہے ہیں، اس میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
خوشی کپور نے کہا کہ لوگ 10 سیکنڈز کی انسٹاگرام ریل دیکھ کر دوسروں کے بارے میں رائے قائم کر لیتے ہیں۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ آپ 10 سیکنڈز کے کلپ سے کسی کے بارے میں کیا جان سکتے ہیں؟ آپ کو انکی زندگی یا ان کے بارے میں کچھ علم نہیں ہوتا، اس لیے انٹرنیٹ پر لوگوں کے بارے میں فیصلہ کن رویہ اپنانے سے گریز کرنا چاہیے۔