پاکستانی ڈراموں کا معیار کیوں گرا؟ یاسر حسین نے اہم وجہ بتا دی
پاکستانی ڈرامے بھارت میں مقبول ہونے لگے تو ان کے مواد میں تبدیلی آنے لگی، اداکار
پاکستان کے معروف اداکار، ہدایت کار اور میزبان یاسر حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معیار میں کمی کی ایک بڑی وجہ بھارت کا اثر ہے۔
یاسر حسین نے یہ بات ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کہی جہاں وہ پاکستانی ڈراموں کے معیار اور ان کے زوال پر اظہارِ خیال کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور بھارتی ڈراموں کے ناظرین کا ذوق ایک بڑا فرق پیدا کرتا ہے جو براہِ راست مواد کے معیار پر اثر انداز ہوتا ہے۔ ماضی میں پاکستانی ڈرامے اپنی مضبوط کہانی اور اعلیٰ معیار کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔
اداکار نے دعویٰ کیا کہ جب پاکستانی ڈرامے بھارت میں مقبول ہونے لگے تو ان کے مواد میں تبدیلی آنے لگی کیونکہ پروڈیوسرز نے بھارتی مارکیٹ کو مدنظر رکھ کر کہانیاں بنانا شروع کر دیں۔
یاسر حسین نے کہا کہ اس رجحان کے باعث پاکستانی ڈرامہ میکرز نے اصل معیار سے سمجھوتہ کیا اور مواد کو اس سمت لے گئے جو بھارتی ناظرین کے ذوق کے مطابق تھا۔
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، کچھ صارفین ان سے اتفاق کر رہے ہیں جبکہ بعض ان کی رائے سے اختلاف بھی کر رہے ہیں۔