گریمی ایوارڈ 2025 کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا
گریمی ایوارڈ 2025 کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی 67 ویں گریمیز کی تقریب میں 90 سے زائد کیٹیگریز میں ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر ریاست کیلی فورنیا میں آتشزدگی سے نمٹنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور متاثرین کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کیے گئے۔
تقریب میں معروف گلوکارہ بیونسے نے اپنے البم کاؤ بوائے کارٹر کیلئے سال 2025 کا البم آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا۔ یہ ان کے کیریئر کا پہلا البم آف دی ایئر ایوارڈ تھا، حالانکہ وہ اب تک 32 گرامیز اپنے نام کر چکی ہیں۔
بیونسے نے ایوارڈ وصول کرتے وقت کہا کہ وہ اس ایوارڈ کی توقع نہیں کر رہی تھیں اور ان کے لیے یہ ایک حیرانی کا لمحہ تھا۔ اس کے علاوہ انہیں بیسٹ کنٹری البم کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
امریکی گلوکارہ چیپل رون نے بیسٹ نیو آرٹسٹ کا ایوارڈ اپنے نام کیا، جب کہ بیسٹ پاپ ڈو/گروپ پرفارمنس کا ایوارڈ لیڈی گاگا اور برونو مارس کے گانے ڈائے ود اے اسمبلی کو ملا۔ گلوکارہ شکیرہ کو “بیسٹ لیٹن پاپ البم” کا ایوارڈ اور سبرینا کارپینٹر کو “بیسٹ پاپ ووکل البم” کا ایوارڈ ملا۔
اس سال امریکی ریپر کینڈرک لمار کو ان کے گانے ناٹ لائیک اَز کے لیے ریکارڈ آف دی ایئر اور سونگ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ اسی گانے کو بیسٹ ریپ پرفارمنس، بیسٹ ریپ سونگ اور بیسٹ میوزک ویڈیو” کے ایوارڈز بھی ملے۔