پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گزشتہ 10 سیزن میں کب اور کون سی ٹیم فاتح رہی، ٹورنامنٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ 3 اور لاہور قلندرز 3 بار چیمپئن بن چکی ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 سیزن میں 2 نئی ٹیموں حیدر آباد کنگز مین اور راولپنڈیز کی شمولیت کے کے بعد مجموعی ٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے گزشتہ 9 سیزن میں شامل تمام 6 ٹیمیں چیمپئن بننے کا مزہ چکھ چکیں ہیں، لیگ کا آغاز 2016 میں یواے ای سے ہوا، جہاں مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے میلہ لوٹا۔
2017 میں پی ایس ایل سیزن 2 کا فائنل لاہور میں ہوا، جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پھر ناکام ہوئی اور پشاور زلمی نے میدان مارا۔
2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پھر سے بازی لے گئی اور پشاور زلمی کو ہار کا سامنا کرنا پرا جب کہ 2019 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قسمت جاگی اور پھر پشاور زلمی کو فائنل میں شکست ہوئی۔

2020 میں کراچی کنگز بنے پی ایس ایل کے کنگ اور روایتی حریف لاہور قلندرز کو شکست سے دوچار کیا، 2021 میں پی ایس ایل سیزن 6 کی ٹرافی محمد رضوان کی ملتان سلطانز کے نام رہی، انہوں نے بھی پشاور زلمی کو شکست دی۔
2022 میں لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں چیمپئن بنی اور 2023 میں لاہور قلندرز بیک ٹو بیک ملتان سلطانز کو شکست دے کر ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بنی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2024 میں تیسری بار ٹرافی اٹھائی اور سب سے زیادہ ٹرافی جتینے والی ٹیم بن گئی۔ اس کے بعد 2025 میں لاہور قلندرز نے تیسری بار چیمپئن بن کر اسلام آباد یونائیٹڈ کا ریکارڈ برابر کیا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل میں بابر اعظم کی قیادت میں پہنچنے والی پشاور زلمی کی ٹیم دوسری بار ٹرافی اپنے نام کرتی ہے یا پھر مارنس لبوشین کی کپتانی میں ڈیبیو سیزن میں فائنلسٹ بننے والی حیدرآباد کنگز مین چیمپئن بنتی ہے۔