چاہت فتح علی خان کا متھیرا کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان
گلوکار چاہت فتح علی خان نے میزبان متھیرا کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
حال ہی میں چاہت فتح علی خان نے متھیرا کے شو میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے میزبان کے ہمراہ چند ویڈیوز بنوائیں اور اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں۔
ویڈیو میں وہ مشہور گانا ’بدو بدی‘ گاتے ہوئے میزبان کے قریب آتے اور رومانوی ہوتے بھی دکھائی دیئے جبکہ متھیرا کی پیچھے ہٹنے کی کوشش کے باوجود وہ انہیں کبھی بازو سے پکڑرہے تھے، تو کبھی ان کے قریب جاتے نظر آئے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متھیرا کا اس پر انتہائی سخت رد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس انداز میں ویڈیو بنانا انتہائی بری حرکت تھی۔’
تاہم اب گلوکار نے اداکارہ کی جانب سے خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’آن اسکرین تو متھیرا میرے خلاف باتیں کر رہی ہیں اور الزامات لگا رہی ہیں لیکن حقیقت اس کے برخلاف ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اداکارہ ان کی منتیں کرتی رہیں کہ وہ میں ان کے شو میں شرکت کریں، کیوں کہ ان کے شو کی ریٹنگ نہیں آرہی تھی۔
گلوکار نے دعویٰ کیا کہ’ شو ختم ہونے کے بعد وہ خود تصاویر بنانے کی غرض سے میرے پاس آئیں اور کمر میں ہاتھ ڈالا، جس پر میں نے ان سے کہا کہ تصویر سامنے سے لیتے ہیں۔’
چاہت فتح علی خان کے مطابق اداکارہ نے ان سے کہا کہ گانا شوٹ کر کے دکھائیں، جس پر انہوں نے اپنا گانا شوٹ کیا اور متھیرا اس پر خُوب لطف اندوز بھی ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ جب شو ہٹ ہوگیا، تو انہوں نے مجھ پر ہراسانی کے الزامات لگا دیئے جو انتہائی مضحکہ خیز بات ہے، تاہم اس حوالے سے انہوں نے اپنے وکیل سے رجوع کرلیا ہے۔
گلوکار نے کہا کہ وہ اداکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں اور انہیں کورٹ میں لے کر جائیں گے۔
چاہت فتح علی خان نے کہا کہ ’متھیرا نے الزام لگایا کہ میری ٹیم شو میں میرے ساتھ گئی تھی اور ویڈیو چوری چھپے بنائی گئی لیکن یہ سراسر جھوٹ ہے میں ہمیشہ اکیلا ہی شو پر جاتا ہوں اور جو ویڈیو بنائی گئی تھی وہ بھی شو کے کیمرہ مین ہی نے ہی بنائی تھی۔‘