راکھی ساونت کا پاکستان میں تیسری شادی کا اعلان؛ دلہا کون؟
بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت نے پاکستان میں شادی کا اعلان کردیا ہے۔
حال ہی میں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دورے کے دوران مجھے شادی کے کئی پرپوزل ملے ہیں، سب نے دیکھا پچھلی دو شادیوں میں ہراساں کیا گیا اور مجھے اب ایک پرپوزل کا انتخاب کرنا ہی ہے۔
انہوں نے ہونے والے دلہا سے متعلق بتایا کہ ان کا نام ڈوڈی خان ہے، وہ اداکار اور پولیس آفیسر ہیں، پاکستان سے بہت رشتے آئے ہیں اور انہوں نے خود مجھے پرپوز کیا ہے لیکن میں نے انہیں چنا ہے۔
راکھی ساونت نے شادی کے حوالے سے کہا کہ اسلامی طریقے کے مطابق پاکستان میں شادی کروں گی، استقبالیہ بھارت، ہنی مون سوئٹزرلینڈ اور دبئی میں رہائش رکھوں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ کئی پاکستانی اور بھارتی جوڑے شادی کرکے دبئی اور امریکا میں ہنسی خوشی رہ رہے ہیں، اس طرح کی شادی سے دونوں ممالک میں امن و بھائی چارہ قائم ہوتا ہے، بھارتی اور پاکستانی ایک دوسرے کے بغیر کچھ نہیں کر سکتے، مجھے پاکستانی پسند ہیں اور وہاں میرے مداح بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت، پاکستان، چین اور بھوٹان یہ سب کیا ہوتا ہے، یہ دل کسی ملک کو نہیں دیکھتا یہ صرف انسان کو دیکھتا ہے اور یہ دل پیار اور نیک انسان کیلئے دھڑکتا ہے۔
دوسری جانب اداکار ڈوڈی خان نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’السلام و علیکم راکھی جی، سب سے پہلے آپ کو عمرہ مبارک ہو اور اس کے بعد پاکستان میں دلی خوش آمدید، یہ بتائیں کہ بارات لیکر بھارت آنا ہے یا دبئی؟ لو یو‘۔
یاد رہے کہ راکھی ماضی میں بھی خبروں میں رہنے کیلئے پبلسٹی اسٹنٹ کرتی رہی ہیں، اسی وجہ سے انہیں ڈرامہ کوئین کہا جاتا ہے اور اب بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں پاکستان میں شادی کا دعویٰ بھی پبلسٹی اسٹنٹ ہے یا حقیقت یہ آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔