کیا مصنوعی ذہانت بینکوں اور حکومتوں کے خفیہ ڈیٹا کا تحفظ خطرے میں ڈال سکتی ہے؟

مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی صلاحیتوں نے دنیا بھر میں ڈیجیٹل معلومات کے تحفظ سے متعلق تشویش پیدا کردی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی کی نئی کامیابیاں بینکوں، حکومتوں اور دیگر اداروں کے خفیہ ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے موجودہ طریقوں کے لیے بڑا چیلنج بن سکتی ہیں۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ کے مطابق کمپیوٹر کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو خدشہ ہے کہ بڑی اے آئی کمپنیاں ایسی اہم کامیابیاں حاصل کرچکی ہیں جن کا ابھی تک عوام کے سامنے اعلان نہیں کیا گیا۔ یہ کامیابیاں ان طریقوں سے متعلق ہیں جن کے ذریعے انٹرنیٹ پر لوگوں کی نجی معلومات اور اداروں کا خفیہ ریکارڈ محفوظ رکھا جاتا ہے۔

معروف کمپیوٹر سائنس دان اسکاٹ ایرونسن نے برطانوی ’اخبار‘ کو بتایا کہ انہیں کئی قابلِ اعتماد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اے آئی کمپنیاں ایسے مشکل سوالات حل کرنے میں بڑی پیش رفت کرچکی ہیں جن کا تعلق خفیہ معلومات کی حفاظت سے ہے۔

اگر اے آئی موجودہ حفاظتی طریقوں کی کمزوریاں تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئی تو ہیکرز کے لیے بینکوں کے ریکارڈ، حکومتوں کے خفیہ پیغامات اور لوگوں کی نجی ای میلز تک پہنچنا آسان ہوسکتا ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن کے پروفیسر اسٹیون مرڈوک کے مطابق اے آئی نے حساب کتاب کے مشکل سوالات حل کرنے میں ایسی کامیابیاں حاصل کی ہیں جن کی ماہرین کو بھی توقع نہیں تھی۔ اب یہ کہنا مشکل ہے کہ مصنوعی ذہانت مستقبل میں مزید کیا کچھ کرسکتی ہے۔

تاہم ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکن ہے اے آئی نے یہ ثابت کردیا ہو کہ موجودہ حفاظتی طریقوں کو توڑنے کا کوئی آسان راستہ موجود نہیں۔ اس لیے ابھی یہ واضح نہیں کہ نئی کامیابیوں سے خفیہ معلومات کو خطرہ ہوگا یا ان کی حفاظت کے بارے میں مزید یقین پیدا ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق مستقبل میں ایسے طاقتور کمپیوٹرز بھی سامنے آسکتے ہیں جو آج معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہونے والے طریقوں کو توڑ سکیں گے۔ انہیں کوانٹم کمپیوٹرز کہا جاتا ہے۔ اس خطرے کے پیش نظر حکومتیں اور ٹیکنالوجی کمپنیاں پہلے ہی زیادہ محفوظ طریقے تیار کررہی ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق اس کام میں توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔

بینک آف انگلینڈ کے گورنر اینڈریو بیلی نے بھی اے آئی کمپنیوں کو نئے ماڈلز عام کرنے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

یونیورسٹی آف سرے کے پروفیسر ایلن ووڈورڈ کا کہنا ہے کہ اگر خفیہ معلومات تک رسائی کے حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت سامنے آتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا بھر کا ڈیجیٹل نظام فوراً خطرے میں پڑ جائے گا۔

تاہم بینکوں اور حکومتوں کو اپنے معلوماتی نظام کی حفاظت کے لیے پہلے سے تیاری کرنی چاہیے، کیونکہ جو ادارے بروقت اپنے حفاظتی طریقے تبدیل نہیں کریں گے، انہیں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ابھی تک کسی اے آئی کمپنی نے یہ اعلان نہیں کیا کہ اس نے بینکوں یا حکومتوں کی خفیہ معلومات محفوظ رکھنے والے طریقوں کو توڑنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے سامنے آنے والی نئی کامیابیوں کی جانچ پڑتال بھی ضروری ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles