
خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبے میں دہشت گردوں کی ہلاکت اور مقدمات سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق 2026 کے دوران صوبے بھر میں دہشت گردی کے 1557 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 7278 ملزمان کو نامزد کیا گیا، ان مقدمات میں 909 ملزمان گرفتار اور 534 ہلاک مارے گئے جب کہ مفرور ملزمان کی تعداد 6022بتائی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے ضلع بنوں سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں رواں سال دہشت گردی کے 276 مقدمات درج کیے گئے، بنوں میں 46 ملزمان گرفتار کیے گئے جب کہ 1503 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے 213 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 1400 ملزمان نامزد ہیں تاہم ان میں سے صرف 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے 206 مقدمات درج ہوئے، جن میں 738 ملزمان کو نامزد کیا گیا جب کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں دہشت گردی کے 176 مقدمات میں 869 ملزمان نامزد کیے گئے، جن میں سے 129 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جب کہ 687 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق باجوڑ میں دہشت گردی کے 134 مقدمات درج ہوئے، جن میں 42 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جب کہ کوہاٹ میں 120 مقدمات میں 609 ملزمان نامزد کیے گئے، جن میں سے 72 کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ضلع خیبر میں دہشت گردی کے مقدمات میں 523 نامزد ملزمان میں سے 54 کو گرفتار کیا گیا جب کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے 86، مردان میں 83 اور کرم میں 69 مقدمات درج کیے گئے۔ اسی طرح ضلع مہمند میں دہشت گردی کے 50 مقدمات میں 90 ملزمان نامزد کیے گئے، جن میں سے 21 کو گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق سوات میں رواں سال دہشت گردی کے 22 جب کہ کوہستان میں 11 مقدمات درج کیے گئے۔