امریکا میں تھینکس گیونگ کے دوران شدید طوفان، لاکھوں افراد متاثر

امریکا میں تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران شدید موسمی صورتحال نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے، لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ فضائی سفر بھی بری طرح متاثر ہوا۔

امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں جمعرات کو طاقتور طوفان کے باعث تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور ساحلی سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی، جبکہ مغربی ساحل بھی ایک الگ طوفانی نظام کی زد میں ہے۔

بجلی کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’پاور آؤٹیج ڈاٹ یو ایس‘ کے مطابق جمعے کی صبح تک پنسلوانیا سب سے زیادہ متاثرہ ریاست تھی۔ جمعرات کی شام بجلی سے محروم گھروں اور کاروباری مراکز کی تعداد تقریباً 10 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔ پنسلوانیا، ورجینیا، میری لینڈ اور نیو جرسی میں بجلی کی بندش سے زیادہ متاثرہ علاقے سامنے آئے۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں حالات معمول پر آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ میری لینڈ میں تیز ہواؤں کے باعث کئی پل بند کر دیے گئے، جبکہ ڈیلاویئر میں بلند لہروں کے باعث ساحلی علاقے متاثر ہوئے اور سمندری پانی ساحلی بورڈ واک تک پہنچ گیا۔

موسم کی خراب صورتحال کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوا۔ فلائٹ اویئر کے مطابق جمعرات کو امریکا کے اندر، امریکا آنے والی اور یہاں سے روانہ ہونے والی 2 ہزار 500 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ 450 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کے لیے ہنگامی امدادی فنڈز جاری کرنے پر غور کریں گے۔ نیویارک سمیت بعض ریاستوں میں ہنگامی حالت بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق نیویارک کے مشہور سینٹرل پارک میں تقریباً دو انچ (پانچ سینٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے نتیجے میں سینٹرل پارک میں تھینکس گیونگ کے موقع پر تاریخ کی سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی۔

شدید موسم کے باعث نیویارک کی سالانہ میسیز تھینکس گیونگ پریڈ بھی ہفتے تک مؤخر کر دی گئی۔ منتظمین کے مطابق پریڈ کی تقریب اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار ملتوی کی گئی ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی ساحلی علاقوں میں طوفان جمعے کو کمزور پڑ جائے گا اور ہفتے کو کینیڈا کے صوبوں نووا سکاٹیا اور نیوفاؤنڈ لینڈ کی جانب بڑھ جائے گا۔

دوسری جانب مغربی ساحل پر حکام کو غیر معمولی بلند مدوجزر اور اس کے نتیجے میں ساحلی سیلاب کے خطرے پر تشویش ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles