
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے وفود نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں تینوں ممالک نے اپنی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل اتحاد اور مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری تفصیلات کے مطابق یہ اہم ملاقات ”مکہ ڈیفنس الائنس“ کے تحت اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کی جب کہ وفد میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی بھی شامل تھے۔
ترک وفد میں وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بایراکتاروغلو شریک ہوئے۔
پاکستانی وفد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکہ ڈیفنس الائنس کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر تینوں برادر ممالک کے رہنماؤں اور عسکری قیادت نے خطے کی تازہ ترین صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شریک وفود کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں عشائیے کا اہتمام کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ’مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ‘ نامی اس معاہدے پر پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی عرب کی طرف سے ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیے کی جانب سے صدر رجب طیب اردوان نے دستخط کیے تھے۔
معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تمام ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ معاہدے کا مقصد تینوں ملکوں کی اجتماعی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانا، دفاعی تعاون کو وسعت دینا اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہے۔