
امریکی فضائیہ کے بڑے کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ کو ہیکرز نے نشانہ بنایا ہے، جس سے فوجی آپریشنز، اہلکاروں اور رسد سے متعلق حساس معلومات کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق یہ سائبر دراندازی گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس وقت سامنے آئی جب حکام نظام کو اپ گریڈ کرنے کا کام کر رہے تھے۔ واقعے کے باعث کلاؤڈ ون کے مختلف حصوں میں خلل پیدا ہوا ہے، تاہم ہیکرز کی شناخت، حملے کی مکمل نوعیت اور اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ آیا کوئی ڈیٹا چوری بھی کیا گیا ہے۔
کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کے بڑے کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے۔ اسے 2017 میں شروع کیا گیا تھا تاکہ فضائیہ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ضروریات ایک ہی نظام کے تحت پوری کی جاسکیں۔ اس پلیٹ فارم میں مائیکروسافٹ، ایمازون، اوریکل اور گوگل کی بنیادی ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے اور اس کے ذریعے درجنوں ایپلی کیشنز چلائی جاتی ہیں۔
ان ایپلی کیشنز میں فوجی اہلکاروں کے ریکارڈ، تنخواہوں، رسد اور آلات کی دیکھ بھال سے متعلق نظام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کلاؤڈ بیسڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم شمالی امریکا کے مختلف مقامات سے فضائی دفاعی ریڈار اور دیگر معلومات یکجا کرتا ہے، جب کہ ایک اور نظام دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر بموں اور میزائلوں کی نقل و حرکت کا ریکارڈ رکھتا ہے۔
’رائٹرز‘ کے مطابق سائبر حملے کا انکشاف ہونے کے بعد کلاؤڈ ون پر دفتری نوعیت کی ایپلی کیشنز منتقل کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے۔ پہلے سے اس پلیٹ فارم پر چلنے والی ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس بھی بلاک کردی گئیں، جس کے باعث فضائیہ کا عملہ سافٹ ویئر کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے ضروری تبدیلیاں نہیں کرسکا۔ بعض صارفین کے انتظامی اختیارات بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔
معاملے سے واقف ایک ذرائع کے مطابق ہیکرز نے سافٹ ویئر کی ایک کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نظام کے کنٹرول پلین تک رسائی حاصل کی۔ یہ نظام کے انتظام اور نگرانی کا مرکزی حصہ ہوتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سطح تک رسائی کی صورت میں حملہ آور نظریاتی طور پر فوجی طیاروں کی آپریشنل صورتحال یا اسپیئر پارٹس کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات تک پہنچ سکتے تھے، تاہم یہ واضح نہیں کہ ہیکرز نے ایسا کیا یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کی سائبر کمانڈ کو بھی تحقیقات میں شامل کرلیا گیا ہے تاکہ حملے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا جاسکے۔ امریکی فضائیہ نے رائٹرز کو اپنے بیان میں مخصوص نیٹ ورکس اور نظاموں کی سیکیورٹی یا ان کی موجودہ آپریشنل صورتحال پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، تاہم کہا کہ محکمہ فضائیہ کی معلومات، نظاموں اور مشن کی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جاتے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت کو سائبر حملوں کے دیگر واقعات سے بھی نمٹنا پڑ رہا ہے۔ ’رائٹرز‘ کے مطابق حالیہ عرصے میں ایف بی آئی، پینٹاگون، محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی، دو خفیہ اداروں اور محکمہ خزانہ کے نظاموں میں بھی سائبر سیکیورٹی کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔