امریکی فوج مشرقِ وسطیٰ میں خطے اور اسرائیل کے تحفظ کے لیے تعینات ہے: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو مشرقِ وسطیٰ سے نکلنے والے تیل کی ضرورت نہیں اور خطے میں امریکی فوج کی موجودگی کا مقصد اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کا تحفظ ہے۔

فلوریڈا میں تھینکس گیونگ کے موقع پر دنیا بھر میں تعینات امریکی فوجیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف فتح قریب ہے اور جنگ کا نتیجہ ان کے فیصلے پر منحصر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’ایران جنگ کب ختم ہوگی اس کا فیصلہ کسی حد تک میری مرضی پر ہوگا۔ ہم نرم رویہ اختیار کر رہے ہیں اور انہیں معاہدے کا ہر موقع دے رہے ہیں تاکہ بہت سی جانیں بچائی جاسکیں، لیکن لگتا نہیں کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔‘

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’بعض لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایران معاہدہ کیوں نہیں کرتا، کیا وہ پاگل ہیں؟ شاید وہ واقعی ایسے ہی ہیں۔‘

’امریکی فوج خطے اور اسرائیل کا تحفظ کر رہی ہے‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ کے تیل پر انحصار نہیں کرتا اور نہ ہی اسے خطے کے تیل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم تیل استعمال نہیں کرتے، ہمیں تیل کی ضرورت نہیں۔ ہم ایک طویل عرصے سے وہاں موجود ہیں اور اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ تیل موجود ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا کے اپنے اور وینزویلا کے تیل کے ذخائر کو ملا کر دنیا کے مجموعی ذخائر کا نصف سے زیادہ حصہ بنتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلیجنس معلومات فراہم کیے جانے کی رپورٹس کی اہمیت کم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایران میں جاری جنگ ختم کرانا چاہتے ہیں اور کشیدگی بڑھانے کے بجائے اس میں کمی کے لیے کام کررہے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ حالیہ ملاقات میں ایران کی جنگ پر بھی بات ہوئی تھی، چین ایران کے معاملے میں بہت کم ملوث ہے، تاہم اگر وہ براہ راست جنگ میں حصہ لے تو اسے حقیقی مداخلت تصور کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ کسی ملک کی جانب سے دوسرے کو محدود انٹیلیجنس معلومات فراہم کرنا براہ راست فوجی مداخلت کے برابر نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا خود بھی دوسرے ممالک کی جاسوسی کرتا ہے، اس لیے اس نوعیت کی سرگرمیوں پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگرچہ امریکا کو مشرق وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں، لیکن خطے میں امن اس کے لیے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن نہ ہو تو وہاں بہت زیادہ انتشار پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی صورت میں اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ امریکا کی خطے میں موجودگی کا مقصد اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کا تحفظ ہے اور واشنگٹن ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حصول کو روکنے کے لیے پرعزم ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles