پشاور: بغیر ٹرائل 10 سال قید رہنے والے شہری کو 1 کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم


پشاور ہائیکورٹ نے کراچی سینٹرل جیل میں 10 سال تک بغیر ٹرائل قید رہنے والے شہری امین حسین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے امین حسین نامی شہری کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کے 10 سال تک بغیر ٹرائل جیل میں رکھنے پر صوبائی حکومت اور افسران کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت کو دو ماہ میں معاوضے کی آدھی رقم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ معاوضے کی باقی 50 لاکھ روپے رقم کرم کے اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی پی اوز ادا کریں گے۔
’شہری کی زندگی کے 10 سال واپس نہیں کیے جاسکتے‘
چیف جسٹس عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ کسی شہری کی زندگی کے 10 سال واپس نہیں کیے جاسکتے، اب ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس ناانصافی کا ازالہ کرے۔
پشاور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ افسران کی شناخت سرکاری ریکارڈ کے ذریعے 15 روز کے اندر مکمل کی جائے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر متعلقہ افسران مقررہ مدت میں معاوضے کی رقم جمع نہیں کراتے تو قانون کے مطابق ان کی تنخواہوں یا دیگر واجبات سے رقم وصول کی جائے۔
پشاور ہائی کورٹ نے کیس کا 21 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
فیصلے کے مطابق درخواست گزار امین حسین منشیات کے ایک مقدمے میں کراچی سینٹرل جیل میں قید تھے اور ان کی سزا 24 مئی 2016 کو مکمل ہوگئی تھی۔ تاہم ضلع کرم میں درج ایک مقدمے میں مطلوب ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی عمل میں نہیں آسکی تھی۔
کرم میں درج مقدمہ ان کے والد کے قتل سے متعلق تھا، جو پاکستان پینل کوڈ کی ’دفعہ 302‘ اور ’فرنٹیئر کرائمز ریگولیشن 1901‘ کے تحت درج کیا گیا تھا۔

عدالت کے مطابق امین حسین 24 مئی 2016 سے مئی 2026 تک کراچی سینٹرل جیل میں قید رہے، لیکن انہیں کرم کی متعلقہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کا ٹرائل شروع ہوسکا۔
فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ کراچی سینٹرل جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ اور محکمہ داخلہ سندھ نے درخواست گزار کی منتقلی کے لیے متعدد مرتبہ کرم اور کوہاٹ کے حکام کے علاوہ خیبرپختونخوا کے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کو بھی خطوط لکھے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
عدالت کے مطابق امین حسین تقریباً ایک دہائی تک کراچی جیل میں قید رہے اور انہیں اس عدالت تک رسائی نہیں مل سکی جہاں وہ اپنے مقدمے میں ضمانت کی درخواست دائر کرسکتے تھے۔
بالآخر پشاور ہائیکورٹ کے احکامات پر انہیں مئی 2026 میں کرم منتقل کیا گیا، جس کے بعد انہیں ضمانت مل گئی ہے۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ ’پیسوں سے انسان کی زندگی کے 10 سال کا ازالہ نہیں کیا جاسکتا، نہ چھینی گئی آزادی واپس مل سکتی ہے اور نہ ہی جیل کی کوٹھڑی میں گزارا گیا وقت۔‘
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عدالت کے احکامات درخواست گزار کو ان برسوں کا ایک دن بھی واپس نہیں دے سکتے، تاہم معاوضہ اتنا کم بھی نہیں ہونا چاہیے کہ درخواست گزار کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی سنگینی کی عکاسی ہی نہ کرسکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles