بھارت: دیورانی جیٹھانی کے درمیان جھگڑا، دو بھائیوں نے بیویاں قتل کر کے جنگل میں دفنا دیں

بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں بیویوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازع پر مشتعل 2 بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنی بیویوں کو قتل کرنے کے بعد لاشیں ایمبولینس میں دوسرے ضلع کے جنگل میں لے جا کر دفن کردیں۔ پولیس نے دونوں بھائیوں سمیت ان کے والدین کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ جھارکھنڈ کے ضلع گملا میں پیش آیا، جہاں شیو شنکر ساہو اور اس کے بھائی نوین ساہو نے پیر کے روز اپنی بیویوں 28 سالہ منی پریا اور 20 سالہ رادھیکا کماری کو مبینہ طور پر قتل کیا۔ شیو شنکر ساہو ایمبولینس ڈرائیور ہے۔

ضلع گملا کے سپرنٹنڈنٹ پولیس حارث بن زما کے مطابق دونوں بھائی اپنی بیویوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری جھگڑے پر ناراض تھے اور اسی تنازع کی وجہ سے انہوں نے مبینہ طور پر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین نے قتل سے 2 روز قبل ہی اپنے اختلافات ختم کرکے صلح کرلی تھی۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد دونوں بھائی لاشیں ایمبولینس میں ڈال کر پڑوسی ضلع سمڈیگا کے ایک جنگل میں لے گئے، جہاں انہوں نے لاشیں دفن کردیں۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس حارث بن زما نے بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ دونوں بھائیوں نے ابتدائی طور پر منگل کے روز پولیس کو بتایا تھا کہ ان کی بیویاں انہیں بتائے بغیر گھر چھوڑ کر چلی گئی ہیں، تاہم مسلسل پوچھ گچھ کے بعد انہوں نے جرم کا اعتراف کرلیا۔

پولیس نے ملزمان سے تفتیش کے بعد لاشوں کا سراغ لگایا، جس کے بعد انہیں زمین سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا۔

حارث بن زما کا مزید کہنا تھا کہ مقتول خواتین کے اہل خانہ نے پیر کی صبح تقریباً 9 بجے ان سے فون پر بات کی تھی اور اس وقت گفتگو سے بظاہر سب کچھ معمول کے مطابق محسوس ہورہا تھا۔

پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والی کلہاڑی اور لاشوں کی منتقلی کے لیے استعمال کی گئی ایمبولینس بھی قبضے میں لے لی ہے۔ واقعے کے سلسلے میں ملزمان کے والدین سمیشور ساہو اور ٹلیشوری دیوی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles