سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر والدین کے لیے پیرنٹل کنٹرول ٹولز متعارف

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے اکاؤنٹس کے لیے نئے پیرنٹل کنٹرولز متعارف کرا دیے ہیں، جن کے ذریعے والدین بچوں کے اسکرین ٹائم، فالوورز اور حساس مواد تک رسائی کو محدود کرسکیں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بچوں کی سرگرمیوں اور ان کی نجی زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھنا والدین کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔ اس مقصد کے تحت ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) نے ٹین ایجرز کے لیے نئے پیرنٹل کنٹرولز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ایکس کے مطابق نئے فیچرز کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے اکاؤنٹس پر مختلف پابندیاں عائد کرسکیں گے، تاہم نوجوان اپنے اکاؤنٹ کے مالک رہیں گے اور والدین کی جانب سے کی جانے والی ہر تبدیلی انہیں دکھائی دے گی۔

کمپنی نے بتایا کہ نئے کنٹرولز کے تحت والدین یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کے بچے گزشتہ ہفتے ایکس پر کتنا وقت گزار چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ روزانہ پلیٹ فارم استعمال کرنے کی حد بھی مقرر کرسکیں گے، تاکہ بچے سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارنے سے بچ سکیں۔

نئے فیچرز میں مخصوص الفاظ کو فلٹر کرنے اور حساس میڈیا مواد کو مکمل طور پر بند کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔ اس کے ذریعے والدین یہ طے کرسکیں گے کہ کون سے الفاظ یا موضوعات ان کے بچوں کے ایکس استعمال کرنے کے تجربے میں شامل نہ ہوں۔ اس کے علاوہ وہ یہ بھی کنٹرول کرسکیں گے کہ کون ان کے بچوں کو ڈائریکٹ پیغامات بھیج سکتا ہے۔

ایکس کے مطابق والدین یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ ان کے بچوں نے کن اکاؤنٹس کے ساتھ براہ راست گفتگو کی ہے، تاہم وہ ان پیغامات کو پڑھ نہیں سکیں گے۔ اسی طرح انہیں بچوں کی سرچز اور ویونگ ہسٹری تک رسائی نہیں ہوگی اور نہ ہی وہ اپنے بچوں کی طرف سے کوئی پوسٹ کرسکیں گے یا ان کے اکاؤنٹس میں براہ راست داخل ہوسکیں گے۔

  (تصویر: ایکس پلیٹ فارم)
(تصویر: ایکس پلیٹ فارم)

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ نئے پیرنٹل کنٹرولز کے تحت والدین کو بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کے لیے حدود مقرر کرنے کی سہولت دی جارہی ہے، نہ کہ ان کی نجی زندگی کی نگرانی کا مکمل اختیار۔ ایکس کے مطابق اس نظام کا مقصد والدین کو بچوں کی آن لائن حفاظت میں مدد فراہم کرنا اور نوجوانوں کی ذاتی آزادی کو برقرار رکھنا ہے۔

نئے کنٹرولز استعمال کرنے کے لیے والدین اور نوجوانوں دونوں کو ایکس کی فراہم کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ نگرانی شروع کرنے سے پہلے دونوں کی رضامندی ضروری ہوگی۔

والدین یا سرپرست میں سے کوئی ایک، بیک وقت زیادہ سے زیادہ پانچ نوجوانوں کے اکاؤنٹس کی نگرانی کرسکے گا، جبکہ ایک نوجوان کا اکاؤنٹ ایک وقت میں صرف ایک والدین یا سرپرست کے ساتھ منسلک ہوسکے گا۔

ایکس نے بتایا کہ 13 سے 17 سال کی عمر کے تمام صارفین کے اکاؤنٹس پہلے ہی ڈیفالٹ طور پر پروٹیکٹڈ موڈ میں منتقل کیے جارہے ہیں۔ اس موڈ میں حساس میڈیا مواد محدود ہوگا اور صارفین کو ان کی دلچسپیوں کی بنیاد پر دکھائے جانے والے اشتہارات یعنی ٹارگٹڈ ایڈورٹائزنگ بھی بلاک کیے جائیں گے۔ نئے پیرنٹل کنٹرولز، ان پہلے سے موجود حفاظتی اقدامات کے علاوہ فراہم کیے جارہے ہیں۔

کمپنی کے سیفٹی شعبے کے سربراہ مائیکل اوہرلیہی کے مطابق والدین اپنے بچوں کے لیے آن لائن سرگرمیوں کی مناسب حدود مقرر کرنا چاہتے ہیں، جبکہ نوجوانوں کو بھی اپنی عمر کے ساتھ آگے بڑھنے اور ذاتی آزادی برقرار رکھنے کا موقع ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے کنٹرولز اسی توازن کو قائم کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

ایکس کے مطابق اس پلیٹ فارم پر صارفین کے لیے کم از کم عمر 13 سال مقرر ہے، تاہم بعض ممالک میں قانون کے تحت اس سے زیادہ عمر کی شرط بھی ہوسکتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے اکاؤنٹس کی نگرانی اس وقت خودکار طور پر ختم ہوجائے گی جب صارف بالغ ہوجائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles