سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، قیمت میں دوسرے روز بھی ہزاروں روپے کا اضافہ

ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جہاں فی تولہ سونا 11500 روپے اور 10 گرام سونا 9859 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔

بدھ کے روز بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں سونے اور چاندی کے بھی نرخ بڑھ گئے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 11 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 90 ہزار 136 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح مقامی سطح پر 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 859 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 34 ہزار 478 روپے ہوگئی۔

دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 115 ڈالر کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 676 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔

ملک بھر میں سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 277 روپے اضافے کے بعد 4 ہزار 906 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 238 روپے کی کمی سے 4 ہزار 206 روپے کی سطح پر آگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 26 نومبر کو بھی فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے اور 10 گرام سونا 4 ہزار 030 روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 636 روپے اور 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 24 ہزار 619 روپے ہوگئی تھی۔

اس سے قبل 25 نومبر کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 11 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 936 روپے ہوگئی تھی جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 860 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 20 ہزار 589 روپے ہوگئی تھی۔

24 نومبر کو پاکستان میں فی تولہ سونا 1300 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 85 ہزار 436 روپے کا ہوگیا تھا جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 1115 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 30 ہزار 449 روپے ہوگئی تھی۔

23 نومبر کو بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، فی تولہ سونا 7800 روپے مہنگا ہوکر 3 لاکھ 84 ہزار 136 روپے جب کہ 10 گرام سونا 6687 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 29 ہزار 334 روپے کا ہو گیا۔

واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔

عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جب کہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles