کراچی میں سردی کی آمد، درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ


کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن کے وقت درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ رات خنک رہنے اور صبح کے وقت ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہوا 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔
خیبر پختونخوا میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں مختلف اضلاع میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی اور لکی مروت میں دھند چھائی رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کالام میں درجہ حرارت 2 ڈگری، سیدو شریف میں 5 ڈگری اور چترال میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صوبے کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں پارہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت میں درجہ حرارت 6 ڈگری، ژوب میں 7 ڈگری، چمن میں 6 ڈگری، دالبندین میں 8 ڈگری اور خضدار میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری، سبی میں 11 ڈگری اور تربت میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں گوادر میں درجہ حرارت 15 ڈگری جبکہ جیوانی میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی کیفیت میں علاقائی فرق برقرار رہے گا، جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles