
سعودی فوجی اتحاد نے ریاض پر داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل اور 8 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ یمن میں جوابی کارروائی کے دوران حوثیوں کے 50 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق 8 ڈرونز میں سے 7 مشرقی صوبے اور ایک جدہ کی اسلامی بندرگاہ کے قریب تباہ کیا گیا۔
دوسری جانب حوثیوں نے جدہ اور جزان کی بندرگاہوں کے علاوہ راس تنورہ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی اتحادی افواج نے یمن کے صوبوں صنعاء، حدیدہ اور صعدہ میں حوثیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے 50 اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق ان حملوں میں 117 حوثی جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے، جبکہ 87 گاڑیاں اور جنگی سازوسامان بھی تباہ کردیا گیا۔
علاوہ ازیں یمن کی سرکاری افواج نے حوثیوں کے ٹھکانوں پر 767 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم فراہم کردہ معلومات میں ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔