
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے نئی تجاویز پیش کردی ہیں، جن کا ایران جائزہ لے رہا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی نے جمعرات کی شب کہا کہ پاکستان اور قطر اب بھی ایران اور امریکا کے درمیان تجاویز کا تبادلہ کر رہے ہیں۔ تہران اُن تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے، تاہم آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق اپنی شرائط پر قائم ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں اور ممکنہ حل کے راستے نکل سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی اور کویتی وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطے کرکے خطے کی تازہ صورت حال، امن و سلامتی اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے کویت کے وزیرِ خارجہ شیخ جابر الصباح سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی حالیہ پیش رفت، امن و سلامتی کی صورت حال اور پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں اہم ہیں۔
کویتی وزیر خارجہ شیخ جابر الصباح نے اسحاق ڈار کو کویت میں مقیم پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
پاکستان اور قطر کی جانب سے نئی تجاویز سامنے آنے اور پاکستانی وزیر خارجہ کے ایران اور کویت کے ساتھ رابطوں کو خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم تجاویز کے مندرجات اور ان پر متعلقہ فریقوں کے حتمی مؤقف سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔